موہالی،یکم جنوری (آئی این ایس انڈیا) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے مابین سیاسی جنگ شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ دونوں جماعتیں ریاست کے نظم ونسق کو لے کر مد مقابل ہیں۔
پنجاب کے بی جے پی صدر اشوانی شرما پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ریاست کے نظم ونسق کے حوالے سے غلط پروپیگنڈہ چلارہی ہے۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ بی جے پی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بری طرح ہارنے سے ڈرتی ہے۔وزیر اعلی پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے کھرار میں چندی گڑھ۔کھرار کاریڈورکوعوام کو وقف کیا اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے گورنر سے ریاست میں ناقص نظم ونسق کا حوالہ دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل کی۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ پارٹی کے قائدین کتنے دہشت میں ہیں جبکہ مرکز کے کالے زرعی قانون پر ریاست کے لوگ برہم ہیں۔